نئی دہلی(ایجنسیاں) 21 جولائی کو سونیا گاندھی سے پوچھ گچھ کے بعد پہلے دن کی پوچھ گچھ پوری ہوگئی۔ صحت کی ناسازی کی بنا پران سے جمعہ کو دوبارہ پوچھ گچھ نہیں کی گئی ۔ بتایا جا تا ہے کہ 25 جولائی کو ان سے دوبارہ پوچھ گچھ ہوسکتی ہے۔ فی الحال ای ڈی نے کوئی نیا سمن جاری نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب پوچھ گچھ کے خلاف کانگریس لیڈران نے سڑک پر احتجاج کیا۔ پولیس نے ملکارجن کھڑگے، ششی تھرور سمیت 75 کانگریس ممبران پارلیمنٹ کو حراست میں لے لیا۔اس سے پہلے کانگریس صدر سونیا گاندھی میں ہیرالڈ معاملے میں پوچھ کچھ کیلئے صبح ای ڈی کے دفتر پہنچی تھیں۔ ان کے ساتھ ان کی بیٹی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی تھیں۔ بتایا گیا تھا کہ پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ دوائیں لے کر آئی ہیں اور وہ ای ڈی آفس کے ہی ایک دوسرے کمرے میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی سے پوچھ گچھ کی کمان لیڈی افسر مونیکا شرما کو سونپی گئی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ مشترکہ بیان جاری کرتے ہوۓ فریقین نے تفتیشی ایجنسیوں کے استعمال پرتحریک چلانے کی بات کہی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ 13 اپوزیشن جماعتوں کی یہ میٹنگ جمعرات کو اس وقت ہوئی جب ای ڈی نیشنل ہیرالڈ اخبار سے متعلق ایک معاملے میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے پوچھ گچھ کیلئے پیش ہونے والی تھیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے اپنے سیاسی مخالفین اور ناقدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مہم چلا رہی ہے۔ بہت سی سیاسی جماعتوں کے بڑے لیڈروں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں ہراساں کیا جارہا ہے، جس کی مثال نہیں ملتی۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور سماج کے تانے بانے کو خراب کرنے والی مودی حکومت کی عوام دشمن، کسان مخالف،آئین مخالف پالیسیوں کے خلاف اجتماعی لڑائی تیز کرنے کا عزم کرتے ہیں۔13 اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ بیان پر دستخط کیے ہیں۔